کراچی(این این آئی)کراچی میں بیوہ خاتون کے مکان خالی نہ کرنے پر مالک مکان نے مبینہ طور پر اس کے 2 بچوں کو آگ لگا دی، دونوں بچے دم توڑ گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے سہراب گوٹھ کے علاقے جنت گل ٹائون میں اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے
جس میں مکان خالی نہ کرنے پر مبینہ طور پر بیوہ خاتون کے 2 بچوں کو آگ لگادی گئی۔خاتون نے بتایاکہ میرے بچے بسوں میں پانی فروخت کرتے تھے، مالک مکان نے پچھلے مہینے گھر خالی کرنے کا کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ مالک مکان نے کل مجھے بہانے سے ایک گھر دیکھنے کے لیے بھیجا، میں جیسے ہی گئی پیچھے سے بچوں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی۔خاتون کے مطابق وہ بچوں کو سول اسپتال لے گئیں جہاں دونوں دم توڑ گئے، ایک بچے کی لاش ایدھی سرد خانے میں موجود ہے۔دوسرے بچے کی لاش کے ساتھ خاتون پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہی ہیں۔دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ نے بتایاکہ آتشزدگی کا واقعہ کل رونما ہوا تھا، کسی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ نے کہاکہ جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔