کیف(این این آئی)روس کی یوکرین کے خلاف جنگ دارلحکومت کیف پہنچ گئی۔ شہرکے مختلف حصوں میں روسی اور یوکرینی فوج میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ روسی فوج بغیر کسی مزاحمت کا سامنا کیے یوکرین کے شہر ملیتوپول پر بھی قبضہ کرلیا،امریکی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے چاروں طرف سے شہر پر حملہ کر دیا ہے۔ کیف کے شمال مغربی علاقوں میں فوجی بیس کے قریب شدید لڑائی جاری ہے۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ روسی فوج بغیر کسی مزاحمت کا سامنا کیے یوکرین کے شہر ملیتوپول پر بھی قبضہ کرلیا۔تاہم کیف ہائیڈرو پاور پلانٹ کا کنٹرول اب بھی یوکرینی فوج کے پاس ہے۔اس سے قبل کیف کے علاقے ٹروئیشچینا میں واقع پاور اسٹیشن پر روس نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا حملہ کیا تھا۔یوکرینی فوج کی جانب سے پاور اسٹیشن پر کیا گیا یہ روسی حملہ پسپا کرنے کا دعوی بھی سامنے آیا تھا۔برطانوی میڈیا کے مطابق کیف انتظامیہ نے بتایا کہ شہر کی گلیوں میں روسی افواج کے ساتھ جنگ جاری ہے۔یوکرین کی حکومت کی جانب سے دارالحکومت کیف کے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مرکز میں گورنمنٹ کوارٹرز کے قریب سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔یوکرینی ملٹری کمانڈ کے مطابق یوکرین کے شہروں سومی، پولتاوا، ماریوپول کے قریبی علاقوں پر روسی فوج کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے۔یوکرین کے صدارتی دفتر کے مشیر کا ایک بیان میں کہناتھا کہ یوکرین کے شہروں خیر سون، میکو لیف اور اڈیسہ کے قریب لڑائی جاری ہے، جبکہ دارالحکومت کیف کے وسطی علاقے میں شیلنگ بھی جاری ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق کیف کے مرکز سے کچھ دور سے توپوں کے گرجنے کی آوازیں واضح طور پر سنائی دی ہیں۔کیف کے چڑیا گھر اور شلیاوکا کے علاقے میں 50 سے زائد دھماکوں اور گولہ باری کی اطلاعات ملی ہیں۔دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادو میر زیلنسکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کیف میں موجود ہے اور ملک کے لیے آخری وقت تک لڑیں گے۔