واشنگٹن(مانیٹرنگ، این این آئی)امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائن کے لیے چھ سو ملین ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کردیئے۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے یوکرین کے لئے اضافی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یوکرین کو
35 کروڑ ڈالر کی اضافی فوجی امداد دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ امریکی پیکج میں ہلاکت خیز ہتھیاروں کی دفاعی امداد شامل ہو گی، اس حوالے سے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ یوکرین کو دیے جانے والے اسلحے میں ٹینک شکن سمیت متعدد ایسے ہتھیار ہیں جو فرنٹ لائن پر موجود یوکرین کے فوجیوں کے کام آئیں گے، دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے بھی یوکرین کو فوجی امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے یوکرین کو نیدر لینڈ کی طرف سے 200 طیارہ شکن اسٹنگر میزائل فراہم کئے جا رہے ہیں، بلجیم نے دو ہزار مشین گن اور ہزاروں ٹن فیول دینے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بتایا گیاکہ صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلِکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے تین سو ملین ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرائنی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا۔ اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے کے باوجود فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ یوکرائن پر روسی حملے کے بعد امریکا سمیت مغربی دنیا کی جانب سے روس پر شدید پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔