نئی دہلی (آن لائن) ٹوئٹر نے بی جے پی کے اکاؤنٹ سے کی گئی مسلمان دشمن پوسٹ کو ہٹا دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے بی جے پی کے اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کو ہٹا دیا ہے۔پوسٹ میں کارٹونز کے ذریعے 2008 کے
احمد آباد دھماکوں کے کیس میں 38 مسلمانوں کو سزائے موت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔کارٹون میں بی جے پی مسلمانوں کو ایک ہی رسی سے باندھ کر پھانسی پر لٹکاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ تصویر کے پس منظر میں ہندوستان کا تین رنگوں والا جھنڈا اور احمد آباد دھماکے کی تصویر بھی دکھائی گئی ہے۔بی جے پی گجرات نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ”ستیامیو جیتے یعنی سچائی کی ہی فتح“۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دہشت گردی کے مرتکب افراد پر رحم نہیں کیا جائے گا۔بھارت کے اندراورپاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں نے شدید احتجاج کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے اکاؤنٹ کورپورٹ کیا جس کے بعد ٹوئٹرکو یہ پوسٹ ہٹانا پڑی۔اگرچہ نفرت انگیز تصاویر پر پلیٹ فارم کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر ٹوئٹ کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے لیکن کارٹون والی متعدد پوسٹس سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام پر دیکھی گئی ہیں جنہیں اب تک نہیں ہٹایا گیا ہے۔اس تصویر پر کئی لوگوں نے فیس پر بھی رپورٹ کیا لیکن فیس بک کا موقف ہے کہ اس تصویر نے کمیونٹی کے معیارات کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔