ریاض(این این آئی)حال ہی میں سوشل میڈیا بالخصوص سعودی عرب میں ایک انسانی ہاتھ کی تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں بجلی کی سی چمک موجود تھی۔ اس پر لوگوں نے ملا جلا ردعمل ظاہر کیاہے اور کچھ صارفین نے اسے جنات کی علامت قرار دیاہے تاہم سعودی ماہر موسمیات نے کہاہے کہ انگلیوں پر بجلی کی چمک جنات نہیں
،موسمی علامت ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جامعہ القصیم میں ماحولیات اور موسمیات کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے اس تصویر اور ویڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ پلازمہ ہے نہ کہ جنات ہیں۔انہوں نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر بتایا کہ اگر آپ کھلی جگہ پر ہیں اور گرج چمک آپ کے اوپر ہو رہی ہے۔ آپ کو اپنی انگلیوں کے سروں پر برقی چمک نظر آتی ہے جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے یا آپ کے بال چمک رہے ہیں۔ تو جان لیں کہ آپ خطرناک جگہ پر ہیں۔ آپ کی گھڑی، آپ کی چابیاں، آپ کا موبائل فون اور وہ تمام دھاتی اشیا جو آپ براہ راست لے جاتے ہیں آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ویڈیو میں جو کچھ دکھائی دیا گیا وہ ماحولیاتی بجلی کا مظہر ہے، جو عام طور پر شدید گرج چمک کے ساتھ ختم ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہیطکیونکہ یہ زمین کی سطح کو بجلی سے چارج کرتی ہے اور یہ انسان، یا جانوروں کے جسم یا چوٹیوں سے نیلی یا بنفشی چمک کی شکل میں ظاہر ہو سکتی ہے۔ یہ آگ نہیں جلاتی بلکہ ایک برائٹ پلازما (آونائزڈ گیس)ہے اور اسے فانوس کے بلب کی طرح چمکتے ہوئے محسوس کیا جا سکتا ہے۔ یہ چمک کبھی کبھی آسمان میں ہوائی جہاز کے کناروں پر بھی ظاہر ہوتی ہے۔