اسلام آباد (این این آئی)سال نو کے موقع پر حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرادیا،نئے سال کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول
اور ڈیزل کی قیمت میں چار، چار روپے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کا تیل 3.95 اور لائٹ ڈیزل آئل 4.15روپے مہنگا کیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 144.82روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل 141.62روپے فی لیٹر پر فروخت ہو گا۔اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 113.53 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 11.06 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہو گا۔فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔اس حوالے سے کہا گیا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت پٹرولیم لیوی ہدف کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات صرف چار روپے فی لیٹر مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 15 دسمبر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔