اسلام آباد(آن لائن) ) پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹر پر لکھا کہ ارشد ندیم پاکستان کے لئے فائنل کھیلے ہمیں آپ پر فخر ہے۔ آپ نے خوب محنت کی۔
انشاللہ اگلی بار آپ میڈل ٹیبل پر نظر آئیں گے۔آپ نے پاکستان کے لئے فائنل کھیلا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر لکھا کہ یہ جیت یا ہار نہیں، یہ وہاں پہنچنا اور بہترین طریقے سے لڑنا تھا، یہی وہ چیز ہے جو آپ کو فاتح بناتی ہے، ہم سب کو آپ پر بہت فخر ہے، آپ چیمپئن ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے لکھا کہ ارشد ندیم دنیا کے 5 بہترین جیولین پھینکنے والے کھلاڑی بن کر قوم کا دل جیت گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹویٹر پر لکھا کہ پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے، انہوں نے پانچویں پوزیشن حاصل کی، لیکن ان کی کاوش پاکستان میں لاکھوں افراد کے حوصلے کو بڑھائے گا۔ پنجاب حکومت نوجوان کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرے گی، ہمارے نوجوان طلحہ طالب اور ارشد ندیم کے نقش قدم پر چل سکیں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ہم دعا گو ہیں کہ آپ آج کے فائنل میں پوڈیم پوزیشن میں آئیں۔عوام ارشد ندیم کیلیے دعا گو ہے۔ کامیابی ایتھلیٹ کا انتظار کر رہی ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ارشد ندیم کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ہیرو جیولین سٹار ارشد ندیم کے لئے دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کے لئے اولمپک میڈل جیت کر لائے۔ پوری پاکستان قوم ارشد ندیم کی طرف دیکھ رہی ہے۔