لاہور (آن لائن) رمضان المبارک کے اختتام اور عیدالفطر کے قریب آتے ہی شہر میں مہنگائی کی ایک نئی لہر نے جنم لے لیا ہے۔ جس کے نتیجے میں دکانداروں نے عید پر استعمال ہونے والی مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا ہے جس سے برائیلر مرغی کا گوشت، مٹن، بیف اور بعض
سبزیاں غریب شہریوں کی پہنچ سے دور ہو کر رہ گئی ہے۔ آن لائن کے ایک سروے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت اپنی چوتھی سینچری مکمل کرچکی ہے۔ 3 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ برائیلر مرغی کا گوشت 400 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ سروے کے مطابق بیف اور مٹن کا کاروبار کرنے والے قصاب بھی پیچھے نہیں رہے اور انہوں نے بھی عیدالفطر کی آمد کے موقع پر لاہور کے غریب شہریوں کی مجبوریوں سے کھیلتے ہوئے۔ بیف اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ اضافے کے تحت بیف کا گوشت 450 روپے فی کلو کی سطح سے بڑھ کر 750 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ مٹن کا گوشت 900 روپے سے بڑھ کر 1500 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ چکا ہے اس کے علاوہ پیاز، ادرک سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا جاچکا ہے۔