اسلام آباد، کراچی (اے پی پی ، این این آئی )محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہوائوں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں موجود ہے جو آئندہ دو سے تین روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائوں کے
زیر اثر ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔دوسری جانب شہرقائد میں مزید سرد ہوائوں کے مغربی سسٹم اثرانداز ہونے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ترجمان خالد ملک کے مطابق کراچی میں سرد اور خشک موسم کا سبب بنے والے نئی لہر(کولڈ ویوو)متوقع نہیں ہے، جب کہ شہر میں مزید سرد ہوائوں کے مغربی سسٹم اثرانداز ہونے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق
رواں ماہ کے آخر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں چند ڈگری کمی متوقع ہے، مذکورہ صورتحال میں سردی کے خاتمے اور گرمی کی شروع ہونے کا نہیں کہہ سکتے۔خالد ملک نے بتایا کہ اگلے چندروز کے دوران مطلع صاف اور تیز دھوپ کی وجہ سے حدت اور رات میں موسم قدرے خنک اور معمولی سرد ہوسکتا ہے، سمندری ہوائوں کے ساتھ کچھ وقت کے لیے بلوچستان کی ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے، تاہم رواں ماہ فروری کے دوران شہر میں بارش کا بھی کوئی امکان موجود نہیں ہے۔