کراچی(آن لائن)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی۔سوا دو سال میں قرضوں کے بوجھ میں 14922ارب کا اضافہ ہوا، بجلی کی قیمتوں میں ہر ماہ مسلسل اضافہ جاری ہے اور عوام آٹے اور چینی کیلئے در بدر مارے مارے پھررہے ہیں جو بلند ترین قیمتوں کے باوجود دستیاب نہیں، اسکے بعد بھی اگر وزیراعظم
اپنی ناکامی ماننے پر تیار نہیں تو پھر قوم کا اللہ ہی حافظ ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر گلبرگ سے آنے والے بزرگوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ وزیر اعظم کی معاشی پالیسیاں ہر سطح پر ناکام ثابت ہوئیں،ترقی اس وقت صرف ذخیرہ اندوز اور آٹا چینی مافیا کررہی ہے جسے ایوانوں میں بیٹھے لوگ تحفظ فراہم کررہے ہیں، اگر ایسا نہ ہوتا تو شوگر کمیشن رپورٹ افشاں کرنے والے افسر کو برطرف کرنے کی بجائے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جاتا لیکن قوم نے دیکھا کہ چینی کی ناجائز ذخیرہ اندوزی کرنے والے شان سے ملک سے باہر چلے گئے، یہی ریلیف گندم مافیا کو بھی ملتا نظر آرہا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ آئی ایم ایف احکامات کے خلاف بجلی کی قیمت کم کرنا حکومت کے بس کی بات ہی نہیں، میری یہ بات سچ ثابت ہوئی، بجلی ٹیرف میں ریلیف کی بازگزشت ابھی تھمی نہیں کہ ایک بار پھر بجلی قیمتوں میں اضافہ کا عندیہ دیا جارہا ہے، حکومت جو کام کر نہیں سکتی اسکا شور مچاکر عوام کو بیوقوف بنانا بند کردے۔ روزنامہ جنگ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ جس طرح میر شکیل الرحمان کو بیس سال پرانے مقدمے میں گرفتار کیا گیا اس سے ذاتی عناد کی بو پہلے دن سے آرہی تھی بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ موجودہ حکومت صحافتی دنیا کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی جس نے آتے ہی
انتقامی کاروائیاں کرکے صحافیوں کو بیروزگار اورپرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کا بھٹہ بٹھا دیا۔ درحقیقت میر شکیل الرحمان نے ناکردہ گناہ کی سزا کاٹی،ان کی رہائی صحافی برادری کی کامیابی ضرورہے لیکن انکی بے گناہ اسیری کے 241دنوں کا حساب کون دے گا اسکی وضاحت ضروری ہے۔