کراچی(این این آئی)مقامی عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف مقدمہ درج کرانے والے مدعی وقاص خان نے کہا ہے کہ مقدمے کا تفتیشی افسر اپنی مرضی کا بیان دلوانا چاہتا ہے۔سٹی کورٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں مزار قائد بے حرمتی کیس
کے مدعی وقاص احمد خان نے کہاکہ ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تفتیشی افسر درست تفتیش کرکے چالان متعلقہ عدالت میں پیش کرے۔ تفتیشی افسر ملزمان کے دبائو میں ہے اس لیے تفتیش ٹھیک نہیں ہو رہی۔ مقدمہ کے گواہوں کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔وقاص احمد خان نے کہاکہ پیر کے روز میڈیا میں کچھ چیزیں چل رہی تھی کہ مدعی نے کیس واپس لے لیا ہے۔ سی ایم اور سعید غنی نے کہا کہ میں وہاں موجود نہیں تھا۔ دونوں نے الگ الگ باتیں کی ہیں۔وقاص نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس پر اثر انداز ہورہی ہے، ان کے وزرا نے پہلے ہی کہہ دیا تھا۔ میں اپنے موقف پر قائم ہوں ملزمان کو سزائیں ملنی چاہئے۔ پولیس ان کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے ہمیں ان سے یہی امیدیں ہیں۔ ملزمان کو قرار واقعے سزا دی جائے۔سوال کیا گیا کہ آپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی موجودگی ثابت نہیں۔ جس کے جواب میں مدعی نے کہا کہ پولیس اپنی مرضی کا بیان لینا چاہتی ہے۔ یک طرفہ اسٹوری چلائی جارہی ہے میں عدالت میں اپنا بیان دوں گا۔ دوسری جانب عدالت نے مقدمے سے متعلق سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ گذشتہ روزپولیس نے مقدمے کا چالان پیش کیا تھا۔ پولیس نے مقدمے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔