کراچی(این این آئی) رواں سال کے پہلے دس ماہ میں کراچی میں فائرنگ سے 322افراد جاں بحق ہوئے اور شہر میں ہزاروں افراد اپنی قیمتی اشیا سے محروم کردیئے گئے۔یکم جنوری سے 31اکتوبر تک کراچی میں جرائم کی کتنی وارداتیں ہوئیں؟ سی پی ایل سی نے دس ماہ کی،
جرائم کے اعداد شمار کی رپورٹ جاری کر دیئے ہیں۔رواں برس دس ماہ کے دوران کراچی میں 1425گاڑیاں چھنی اور چوری کی گئیں۔ دس ماہ میں شہر کے مختلف علاقوں سے 30ہزار 850موٹر سائیکلیں چھنی اور چوری کی گئیں، لیکن صرف 2126موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے برآمد کیں۔رپورٹ کے مطابق 10 ماہ کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے عوام کو 17937 موبائل فون سے محروم کردیا، لیکن صرف 1885 موبائل فونز ہی پولیس نے ملزمان سے برآمد کیے۔رواں سال کے 10 ماہ میں ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 322 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا، جبکہ بھتہ خوری کے سترہ اور اغوا برائے تاوان کے دو واقعات رپورٹ ہوئے۔