راولپنڈی (آن لائن)پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت کیلئے رشین فیڈریشن سپیشل فورسز کا دستہ دوہفتے کے طویل دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔ ترجمان افواج پاکستان میجرجنرل بابر افتخار کے مطابق دروزبا5 نامی
مشقیں اس بار پاکستان میں ہورہی ہیں جن کا مقصد انسداد دہشتگردی کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے تجربہ حاصل کرناہے ان مشقوں کے دوران سکائی ڈائیونگ اور مغوی افراد کو بچانے کیلئے کئے جانے والے آپریشنز کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا اور یہ ان مشقوں کا خاصہ ہوگا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق دروزباکے نام سے پاک روس جنگی مشقوں کا آغاز 2016ء میں پاکستان سے ہوا تھا دوسری مشترکہ جنگی مشقیں 2017ء میں روس، تیسری 2018ء میں پاکستان،چوتھی 2019ء میں روس میں ہوئیں تھیں اور اب ان مشقوں کا پانچواں مرحلہ پاکستان میں ہورہا ہے۔