لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)فیاض الحسن چوہان نے وزیر جیل خانہ جات بنتے ہی سب سے پہلے آڈر میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ کو دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات طلب کرلیں ۔انہوں نے کہاکہ جیلوں میں وی آئی پی کلچر کاخاتمہ اولین ترجیح اورقیدیوں کو یکساں سہولیات فراہم کرنا مشن ہے ۔صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے
اپنے پہلے حکمنامے میں جیل حکام سے معلوم کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے و پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کو کون سی سہولتیں حاصل ہیں؟۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کو جیل خانہ جات کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ۔ فیاض الحسن چوہان سے ایک روز قبل اطلاعات کی وزارت واپس لی گئی تھی جبکہ وزیر کالونیز کی وزارت ان کے پاس رہنے دی گئی تھی ۔زوارحسین وڑائچ سے جیل خانہ جات اورمہر محمد اسلم سے وزیر کوآپریٹوکا قلمدان واپس لیا گیا تھا۔فیاض الحسن چوہان کو اب جیل خانہ جات کی وزارت کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے تمام جیلوں میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کسی بھی قیدی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔پنجاب کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان کو آج ہی جیل خانہ جات کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ ان کے پاس صوبائی وزیر برائے کالونیز کا قلمدان پہلے ہی موجود ہے۔