لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہمیں فیاض چوہان سے دلی ہمدردی ہے،فیاض الحسن چوہان نے دیکھا شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا نتیجہ دیکھ لیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فیاض چوہان نے اپنی کرسی پکی کرنے کیلئے شریف خاندان پر بہت سیاست چمکائی لیکن افسوس فیاض چوہان کی تمام محنت رائیگاں گئی، فردوس
عاشق اعوان کی بطور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب تعیناتی ناقابل سمجھ ہے،سپریم جوڈیشل کونسل نے فردوس عاشق کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کا حکم دیا،عدلیہ کی توہین کرنے والی شخصیت کی بطور وزارت معاون خصوصی تعیناتی مسترد کرتے ہیں،وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق کے حوالے سے اپنا جاری کردہ نوٹیفکیشن فوری واپس لیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کابینہ میں ردوبدل کردیاگیا ہے، فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات پنجاب کا عہدہ واپس لے لیا گیا۔ پی ٹی آ ئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں پنجاب حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیاض چوہان سے اطلاعات کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے اور اب وہ صرف محکمہ کالونیز کے صوبائی وزیرہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق فردوس عاشق اعوان کے پاس اطلاعات کا شعبہ بھی ہوگا۔اس کے علاوہ پنجاب کے مزید دو وزرا مہر محمد اسلم اور زوار حسین وڑائچ کو بھی عہدے ہٹایا گیا ہے۔مہر محمد اسلم کو آپریٹیو اور زوار حسین وڑائچ جیل خانہ جات کے وزیرتھے۔ فردوس عاشق اعوان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔وہ مشرف دور میں بھی وفاقی وزیر رہ چکی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں وزارت اطلاعات کا قلمدان انکے پا س تھا اور پھر جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنی
تو وہ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات تعینات رہی ہیں ۔ اپریل کے مہینے میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدہ سے علیحدہ ہوگئی تھیں ۔اب انہیں پنجاب میں معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کیا گیا ہے۔ان کا بنیادی مقصد پنجاب حکومت کی پالیسیوں کو میڈیا میں موثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات حکومت
پنجاب فردوس عاشق اعوان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا جس اعتماد کا اظہار ان پر ایک بار پھر کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کرینگی ۔وہ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہیں اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں اور منصوبوں کا فروغ اور میڈیا میں اچھا امیج اجاگر کرنا انکی ترجیحات میں شامل ہوگا۔