اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ایس ایچ او گجرپورہ رضا نے کہا ہے کہ میں سید زادہ ہوں، عمر شیخ نے مجھے گالیاں دیں، ملزموں کو سزا دینے پر مجھے گرفتار کرلیا۔ اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ سی سی پی او آفس کے سامنے جان دے دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میرا نام سید احمد رضا جعفری ہے۔میں سابق ایس ایچ او گجرپورہ ہوں، میں نے ڈیڑھ سال قبل وہاں سے ملزم پکڑے تھے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر ان کو وہاں سے بھگا دیا گیا تھا۔ ان میں سے بھاگنے والا ایک شخص گھر میں ہارٹ اٹیک سے مر گیا ۔ اس بندے کے حوالے سے 302 کا مقدمہ ہوا، ملازموں پر پرچہ ہوا، مجھے شوکاز نوٹس ملا۔اس بندے کو سزا بھی مل گئی ہے۔ اب سی سی پی او لاہور نے ہمیں ڈیڑھ سال بعد بلایا ہے، ہمیں غلیظ گالیاں دی ہیں۔بدسلوکی کی ہے، جو اس کے عہدے کے شایان شان نہیں ہے۔ مجھے اب گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میں اس وقت پولیس کی تحویل میں ہوں۔ اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ سی سی پی او آفس کے سامنے جان دے دوں گا، میں لکھ کر دوں گا میری میرے بچوں کی موت کے ذمے دار سی سی پی او ہیں۔میں بیگناہ ہوں۔ سارے مقدمے فائل ہوچکے ہیں۔ سی سی پی او اب میڈیا میں جو ان کی سبکی ہورہی ہے اس کو مٹانے کیلئے ہمیں قربانی کا بکرا بنارہے ہیں۔