لاہور( این این آئی )وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2020 کے آخری ہفتے میں مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق اگست کے آخری ہفتے میں مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا اورمہنگائی کی شرح 9.47 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، پیاز، دال چنا، دال مونگ، گڑ، آلو، تازہ دودھ، دہی، ایل پی جی، لہسن، چکن اور انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ایک ہفتے کے دوران چینی 87 پیسے فی کلو مزید سستی ہوئی، علاوہ ازیں گندم، آٹا، چاول، کیلے، دال مسور اور دال ماش کی قیمت میں کمی ہوئی۔اسی طرح مٹن، بیف، خشک دودھ، ملبوسات، چائے، پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، بجلی اور گیس کے نرخ مستحکم رہے۔مجموعی طور پر اگست کے مہینے میں مہنگائی کی شرح میں 0.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم اگست کے مہینے میں مہنگائی کی اوسط شرح گزشتہ ماہ سے 2 فیصد کم رہی۔اگست میں مہنگائی کی شرح 8.21 فیصد رہی جبکہ جولائی میں یہ شرح 9.30 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اگست 2020 کے دوران مہنگائی کی شرح 8.74 فیصد رہی تھی۔