لاہور ( نیوزڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کیلئے نیا دروازہ کھل گیا ۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیساتھ سہہ ملکی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں رسائی کے لئے اب پاکستان کے سامنے ایک نہیں دو راستے ہیں ۔ سری لنکا کے خلاف پانچ میچز کی ون ڈے سیریز میں ناکامی کے باوجود گرین شرٹس چیمپئنز ٹرافی کی دوڑ سے باہر نہیں ہوں گے ۔ ویسٹ انڈیز نے رواں سال اگست میں زمبابوے میں سہہ ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے ، اس سے پہلے صرف دو ممالک پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز تھی ۔ ویسٹ انڈیز اٹھاسی پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں جبکہ ایک پوائنٹ کے فرق سے قومی ٹیم ستاسی پوائنٹس سے نویں نمبر پر ہے ۔ لیکن ایک بری خبر بھی ہے یعنی اگر قومی ٹیم سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دیتی ہے تو چیمپئنز ٹرافی کے لیئے کوالیفائی کر جاتی لیکن اب آئی لینڈرز کو ہرانے سے کام نہیں چلے گا ، قومی ٹیم کے لئے اب کالی آندھی کو بھی راستے سے ہٹانا ضروری ہوگیا ہے ۔ بنگلہ دیش ترانوے پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر ہے جنہوں نے چند روز بعد اپنے گھر میں ہی جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے ۔ لیکن سیریز میں ہار بھی بنگلہ دیش کے لئے زیادہ مشکل پیدا نہیں کرے گی ۔ چیمپئنز ٹرافی کا میلہ دو ہزار سترہ میں انگلینڈ میں سجے گا جس میں میزبان ٹیم کے علاوہ سات ٹاپ رینک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔