اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تین سالہ معصوم فرشتے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالنے والے واقعہ نے دل دہلا دیئے ہیں،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ماروائے عدالت قتل کررہا ہے، پاکستان واقعہ کو ہر فارم پر اٹھائے گا، بین الاقوامی میڈیا کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں، بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے،
انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز اٹھانا ہوگی۔ بدھ کو اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی، تین سالہ معصوم فرشتے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالنے کے واقعے نے دل دہلا دئیے ہیں،اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ یورپی یونین کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا، یورپی یونین کو اس تمام صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے، یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر پر تشویش اور پاکستان کے غم و غصے کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے ہر فورم کشمیر میں ہونے والی ظلم و بربریت کو اٹھایا ہے، یہ واقعہ ماورائے عدالت قتل کے ذمرے میں آتا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ماروائے عدالت قتل کررہا ہے، پاکستان اس واقعے کو بھی ہر فارم پر اٹھائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت نے ظلم کی انتہا کردی ہے،بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا ہوا ہے،بین الاقوامی میڈیا کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں، بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز اٹھانا ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھانا انسانی تقاضہ ہے۔