ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں اوبر اور کریم کے تحت کاریں چلانے والے سعودی شہری ڈرائیوروں کو حکومت کی جانب سے مالی امداد ملے گی اور انھیں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد متاثر ہونے کی وجہ سے تین، تین ماہ کی تن خواہوں کے مساوی امدادی رقوم دی جارہی ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ صالح بن ناصر الجسر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی منظوری کے بعد اوبر اور کریم کے سعودی ڈرائیوروں کے لیے ان مراعات کا اعلان کیا کہ لیکن اس کی شرط یہ ہوگی کہ ایسے سعودی شہری کل وقتی ڈرائیور کے طور پر کام کرتے ہوں۔وہ سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے ہاں رجسٹر ہوں اور کوئی اور کام یا ملازمت نہ کرتے ہوں۔حکومت کے مقرر کردہ اس معیار پر پورا اترنے والے ڈرائیوروں کو تین ماہ کی تن خواہوں کے مساوی مالی امداد مہیا کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس وقت دو لاکھ سے زیادہ سعودی شہری رائیڈ شئیرنگ ایپلی کیشنز کے تحت کام کے لیے رجسٹر ہیں۔