اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کورونا وائرس سے مزید 23افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 440ہوگئی ، 989 نئے کیسز رپورٹ کے ساتھ ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 19103 جا پہنچی ،ملک بھر میں کورونا کے متاثرہ 4817 مریض مکمل صحتیاب ہوگئے۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے کورونا وائرس کے تازہ اعدادو شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 23 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 440 ہوگئی۔کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کے پی کے میں سب سے زیادہ 172 اموات ریکارڈ کی گئیں ،سندھ میں 122، پنجاب میں 120 مریض جاں ہوچکے ہیں،بلوچستان میں انیس، اسلام آباد میں چار اور گلگت میں تین مریض جاں بحق ہوئے ۔ کمانڈ اینڈ نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 147 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے متاثرہ 4817 مریض مکمل صحتیاب ہوگئے ۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 8716 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا،ملک بھر میں ابتک دو لاکھ تین ہزار پچیس کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں، ملک بھر میں 717 اسپتالوں میں 4084 مریض زیر علاج ہیں۔