اسلام آباد(این این آئی)چینی ڈاکٹرز کے وفد نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں چینی ڈاکٹرز وفد کی واپسی روانگی کے موقع پر بتایاکہ کورونا سے نمٹنے کے لئے چین کی طبی ماہرین کی ٹیم نے
پاکستان کا دورہ کیا، چینی ماہرین نے ڈاکٹرز، سرکاری اہلکاروں، شعبہ صحت کے حکام سے ملاقاتیں کیں،چینی طبی ماہرین اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور کا دورہ کیا، پاک، چین افواج کے مابین ٹیلی کانفرنس بھی منعقد ہوئی، چینی وفد، آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی بھی گیا۔کمانڈ سینٹر کے مطابق چینی ماہرین کے وفد نے پنجاب، سندھ کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقاتیں کیں،قومی ادارہ صحت میں چینی ماہرین کیساتھ اختتامی سیشن ہوا۔ کمانڈ سینٹر نے کہاکہ انفیکشن سے تحفظ اور بچاؤ، انفرادی حفاظتی آلات کا استعمال ناگزیر قرار دیا گیا ۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق چینی وفد نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کا عزم ظاہر کیا۔چین نے مشکل وقت میں پاکستان کو اہم طبی آلات، اشیاء اور ادویات فراہم کیں۔