قلات ( آن لائن )کنگ سلمان ریلیف پاکستان(شاہ سلمان کے فلاحی ادارہ برائے پاکستان)کیجانب سے قلات سمیت بلوچستان کے مختلف سرد ترین علاقوں میں سردی اور برفباری سے متاثرہ 7000گھرانوں میں ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں حالیہ شدید برفباری اور سردی کے باعث بلوچستان کے مضافات میں ریکارڈ برفباری نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
سردی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارے نے بلوچستان کے متاثرہ اضلاع بشمول قلات میں سردی سے متاثرہ افراد کیلئے 14ہزار کمبل ،اور سات ہزار کٹس جن میں چودہ ہزار مردانہ زنانہ گرم شالیں بچوں اور بڑوں کیلئے گرم ملبوسات کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔ تاکہ متاثرہ افراد اور خاص کر بچوں کو بروقت سردی کی شدت سے محفوظ رکھا جاسکے۔ جس سے بلوچستان میں 35ہزار افراد مستفید ہونگے۔ جبکہ مزید 23 ہزار گھرانوں کیلئے بھی ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم ملک کے سرد ترین علاقوں میں شروع کی جائیگی۔ جس کی مجموعی لاگت 1.5ملین ڈالر بنتی ہے۔ جوکہ پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے آزاد جموں کشمیر گلگت بلتستان خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے سرد ترین اکیس اضلاع میں نہایت منظم اور شفاف طریقے سے تقسیم کیا جائیگا۔ جس سے مجموعی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار افراد مستفید ہوسکیں گے۔