اسلام آباد(آن لائن )گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں پورے ملک میں غیر معینہ مدت کے لئے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد حسین کا کہنا ہے کہ ہم ایکسل لوڈ لمٹ کا مکمل نفاذ چاہتے ہیں، ہماری ہڑتال کا مقصد صرف اور صرف قانون کا نفاذ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے بار بار مذاکرات کئے، عدالت عالیہ سے ایکسل لوڈ کے نفاذ کا حکم بھی جاری ہوا مگر حکومت اوور لوڈنگ روکنے کو تیار نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیں
ہڑتال پر مجبور کیا ہے، ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز ایکسل لوڈ کے قانون کے نفاذ تک اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات کی منظوری تک پیرسے ملکی اور بین الاقوامی ترسیلات روک دیں ہیں،ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم تینوں بارڈرز دونوں پورٹس اور تمام صنعتوں سے اوور لوڈنگ روکنے کا حکم جاری کریں اور ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کو سنٹر لائیز کیا جائے اور اس کا حصول آسان تیز اوربدعنوانی سے پاک کیا جائے۔