ریاض(آن لائن)سرمایہ کاری مینجمنٹ کمپنی سامبا کیپیٹل نے اعلان کیا ہے کہ سعودی آرامکو نے 47.4 ارب ریال مالیت کے 1.5ارب شیئرز مختلف افراد کو فروخت کردیے ہیں،آرامکو نے افراد اور اداروں کے لیے سعودی مارکیٹ میں شیئرز کے الگ الگ کوٹے مقرر کیے تھے۔ پہلے مرحلے میں اندرون ملک شیئرز فروخت کرنے کا پروگرام بنایا گیاتھا۔افراد کے لیے حصص خریدنے کی تاریخ جمعرات کو ختم ہوئی، افراد کی جانب سے کوٹے سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تاہم اداروں کو 4
دسمبر تک شیئرز خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔اداروں نے ابتدائی 12روز کے دوران 118.86 ارب ریال مالیت کے شیئرز خریدنے کی درخواستیں پیش کیں۔آرامکو شیئرزکے لیے 49 لاکھ افراد نے درخواستیں دیں، ان کا تناسب 148 فیصد تک پہنچ گیا۔سامبا کیپیٹل کے جاری اعلامیے کے مطابق حصص کے خریدار اداروں کی درخواستوں کے پہلے مرحلے میں سعودی کمپنیوں کی تعداد 54 فیصد تک پہنچ گئی۔ سعودی فنڈز24.1 فیصد اور غیر سعودی سرمایہ کاروں کا تناسب 10.5فیصد ریکارڈ کیا گیا۔