کراچی(این این آئی)جمعیت علما اسلام کے تحت ملک بھر میں جاری آزادی مارچ پلان بی کے تحت سندھ میں چھٹے روز منگل کو بھی مختلف مقامات پر دھرنے جاری رہے۔ کراچی میں حب ریور روڈ پردھرنا دیا گیا۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ہم نے احتجاجی تحریک سے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے
جس کے نتائج آئندہ چند روز میں سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز 5 نومبر 2018 کو ملین مارچ سے آغاز کیا تھا،شرمناک دھاندلی اس سے قبل پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی،جے یو آئی کا بیانیہ حزب اختلاف کی سب جماعتوں کا بیانیہ بنا، انتخابات ایک ڈھونگ تھے اور عمران خان کو مسلط کیا گیا جبکہ ہمیں کہا گیا کہ انہیں وقت دیں تاکہ پالیسیاں سامنے آئیں لیکن ڈیڑھ سال میں یہ کوئی مثبت پیش رفت نہ کر سکے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، قرض اتارنے اور سرمایہ لانے کی بات کی تھی لیکن اس ناجائز اور دھاندلی کی پیداوار حکومت نے تو غریب کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پشت پناہ کہتے ہیں مولانا ہاتھ ہلکا رکھیں انہیں موقع دیں، یہ ہمیں مٹھی بھر لوگ کہتے ہیں لیکن انہیں جم غفیر دیکھ کر بھی شرم نہیں آئی۔ موجودہ دور حکومت میں تمام طبقات کے لوگ ہی سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خود کہتے ہیں جھوٹ بول بول کر وزیر اعظم بنا ہوں۔ کل وزیر اعظم نے بہت غلط زبان استعمال کی اور ہمارے مارچ کو سرکس قرار دیا جبکہ سرکس ہم نے نہیں وزیر اعظم نے خود لگایا ہوا ہے اور پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ وزیر اعظم ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تو ایم کیو ایم، ق لیگ اور جی ڈی اے کے بھی بیانات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جلد ہی عمران خان کی ہمیشہ کے لیے چھٹی ہو جائے گی جبکہ ان کی کابینہ میں اکثریت تو ق لیگ اور پیپلز پارٹی سے آنے والوں کی ہے۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے سب لوگ کرپٹ، بد اخلاق اور لٹیرے ہیں۔ میں نشہ کر کے تقریر نہیں کرتا، ہمیں بھی بدکلامی کرنا آتی ہے لیکن ہماری تربیت ایسی نہیں ہے۔ یہ جمہوریت نہیں آمریت ہے اب تو صنعتکار بوریا بستر باندھ کر ملک سے باہر جا رہے ہیں۔ قوتوں سے کہتا ہوں پشت پناہی چھوڑ دو تمہارا تجربہ ناکام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تو کشمیر بیچ دیا ہے اور ہمیں کہتے ہیں کہ آپ کی تحریک سے کشمیر کو نقصان پہنچے گا لیکن ہم نے اپنے احتجاج سے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے جس کے نتائج بھی چند روز بعد سامنے آئیں گے۔ یہ قادیانیوں کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔مولانا عبدالغور حیدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ہمارے دوست ہیں اگر آزادی مارچ کی وجہ سے انہیں فائدہ ہورہا ہے تو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناروا اور قبیح حرکت ہے کہ کسی انسان کی صحت کا مذاق اڑایا جائے، ہم نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ آزادی مارچ کی تحریک اکیلی جمعی علما اسلام کی تحریک نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی تحریک ہے۔انہوں نے پلان بی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ لینے کے لیے تھوڑی بہت تکلیف اٹھانی پڑتی ہے، عوام کا تعاون رہا تو انشااللہ سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑا لیا جائے گا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سلیکٹڈ اعظم عمران خان کی کی ماضی تقریریں بھی قوم کی دکھوں کا مداوا نہیں کرسکیں، محض تقریروں سے قوم کی جذبات اور احساسات کی ترجمانی نہیں کی جاسکتی۔ خان صاحب عملی میدان میں فیل ہو چکے ہیں، عوامی مطالبات پر عمل کرتے ہوئے نااہل وزیراعظم فی الفور مستعفی ہونے کا اعلان کریں۔