کراچی (این این آئی) ہفتہ کے روز بلوچستان اور سندھ کے تمام اضلاع میں اکژ مقامات پر جبکہ شمالی خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔اگلے چند روز کے دوران ہزارہ،مالاکنڈ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے لگیں جس کے بعد ملیر، شاہ فیصل، کورنگی، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل اور دیگر علاقوں میں بارش شروع ہوئی۔