اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں یکم اکتوبر2019 سے اضافہ کردیا گیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق حکومت پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کے طور پر ڈیزل پر 40روپے اور پٹرول پر 38روپے لے رہی ہے۔یکم اکتوبر 2019 سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پٹرول پر پٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل پر بھی پٹرولیم لیوی میں یکم اکتوبر،2019سے
اضافہ کیا گیا ہے البتہ مٹی کے تیل میں تھوڑی کمی کی گئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 18روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 20اعشاریہ76روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ 17فیصد جی ایس ٹی بھی لی جارہی ہے۔ اس طرح صارفین سے 40روپے فی لیٹر وصول کیے جارہے ہیں۔مقامی مارکیٹ میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 127اعشاریہ14روپے فی لیٹر ہے۔پٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 2اعشاریہ17روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔