اسلام آباد (این این آئی،آن لائن ) وزارت قانون نے کہاہے کہ کسی بھی جج کو واٹس ایپ پر کوئی حکم نہیں بھیجا گیا۔ بدھ کو رانا ثناء اللہ کیس کی سماعت کرنیوالے جج کی تبدیلی کے معاملے پر وزارت قانون نے وضاحت جاری کر دی۔ وزارت قانون کے ترجمان نے کہاکہ وزارت قانون کی جانب سے کسی بھی جج کو واٹس ایپ پر کوئی حکم نہیں بھیجا گیا۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے شہباز، حمزہ ،مریم ،ثنا اللہ کے مقدمات کی سماعت کرنیوالے احتساب عدالت کے
جج کی خدمات لاہور ہائیکورٹ کو واپس کر دی ہیں۔ مریم نواز شریف اور دیگر کیخلاف جج نعیم ارشد سماعت کر رہے تھے۔احتساب عدالت کے جج مسعود ارشد باگڑی کی خدمات بھی عدالت عالیہ لاہور کو واپس کر دی گئی ہیں۔ جج مسعود ارشد باگڑی رانا ثنا اللہ کیس کی سماعت کر رہے تھے۔ لاہورکی احتساب عدالت کے جج مشتاق الہی کی خدمات بھی واپس کر دی گئی ہیں۔ جج مشتاق الہی کی عدالت میں بھی سیکڑوں نیب کیسز زیر سماعت ہیں،نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔