بغداد(این این آئی)عراق میں شہری دفاع کے حکام نے کہاہے کہ صلاح الدین گورنری میں ایک اسلحہ گودام میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں عراقی حزب اللہ ملیشیا کے 21 جنگجو ہلاک اور 31زخمی ہوگئے ۔ خیال رہے کہ عراقی حزب اللہ ایران نواز الحشد الشعبی ملیشیا کی وفادار تنظیم قرار دی جاتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صلاح الدین گورنری میں منگل کی شام ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایران نواز ملیشیا کے 21 جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ الحشد الشعبی ملیشیا کے وفادار عراقی حزب اللہ کے
ایک اسلحہ گودام پر تین میزائل داغے گئے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی انٹیلی جنس حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ اسلحہ گودام میں دھماکے ڈرون طیاروں کی بمباری کے نتیجے ہوئے ۔دھماکوں کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔ شہری دفاع کا عملہ اور دیگر امدادیا دارے آگے بجھانے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم وہاں پرہونے والے جانی نقصان کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آئی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اسلحہ گودام میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے ۔