لاہور(این این آئی )پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر (ر)محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کی جانب سے حکومت اور نیب پر الزامات کی بوچھاڑ قابل مذمت ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ کرپشن کے خلاف قومی ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے تاکہ چوروں کا سدباب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حریف سیاسی جماعتیں جنہوں نے کبھی ملک و قوم کے لیے اختلافات نہیں بھلائے اب کرپشن بچانے کے لئے متحد ہوگئی ہیں اس لئے عوام ان کے دھوکے میں
نہیں آئیں گے۔پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین نے مزید کہاکہ حکومت نیب کا بجٹ اوراختیارات بڑھا کر اسے وسعت دے تاکہ اسکی کارروائیوں میں تیزی لائی جاسکے اور کرپشن کا جن بوتل میں بند کرنا ممکن ہو جائے۔کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپٹ عناصر کو اس وقت تک خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا جب تک ان پر اسلامی سزائیں لاگو نہ کی جائیں یا چین کے ماڈل کی نقل کی جائے، پاکستان میں بھی سخت سزائیں اور جرمانے نافذ کئے جائیں اور کالے دھن کے خلاف ایمرجنسی نافذ کی جائے۔