لاہور(نیوزڈیسک )زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان میں مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کپتان ایلٹن چگمبرا کے بعد کریگ ارون بھی بقیہ دو میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔کریگ ارون پہلے ایک روزہ میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے اور اسی وجہ سے بقیہ دونوں میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔کریگ ارون فلو وائرس کیوجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی نہیں کھیکل سکے تھے اور اب ایک ہی میچ کے بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے۔یہ وہی ہیمسٹرنگ انجری ہے جس کا وہ پانچ ہفتے قبل شکار ہوئے تھے اور پھر انہیں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے اور پریکٹس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے پر دورے کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔زمبابوین ٹیم کے فزیو انیسو موپوترنگا نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کریگ ارون مستقل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار کیوں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ارون کے لیے ہرارے میں اسپورٹس انجریز کے اسپیشلسٹ آسٹن جینز سے وقت لیں گے تاکہ ان کی انجری کی صحیح طریقے سے تشخص ہو سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا بھی سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہو چکے ہیں جن پر آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کی وجہ سے دو میچوں کی پابندی عائد کی تھی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں