اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ماہر معاشیات شمشاد اختر کو گورنراسٹیٹ بینک بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ چیئرمین ایس ای سی پی کی بھی تبدیلی پرغور اور چیئرمین ایف بی آر کے فارغ ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات شمشاد اختر کو گورنراسٹیٹ بینک
بنائے جانے کا امکان ہے، شمشاد اختر پہلی خاتون گورنراسٹیٹ بینک اور نگراں وزیرخزانہ رہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایس ای سی پی کی بھی تبدیلی پر غور کیا جارہا ہے جبکہ انتظامی معاملات میں غفلت پرچیئرمین ایف بی آرکےفارغ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسدعمر بطور وزیرخزانہ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ خیال رہے یہ خبریں گردش کر رہی تھی کہ وزارت خزانہ کی مایوس کن کارکردگی پراسد عمرکی تبدیلی کاامکان ہے اور حکومت کی جانب سے وزیرخزانہ کے لئے نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے ،جن میں شمشاد اختر سرفہرست ہے۔ بعد ازاں وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر نے قلمدان تبدیل ہونے سے متعلق خبروں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی بھی اجلاس کی صدارت کررہا ہوں، شمشاد اختر سے کل ہی ملاقات ہوئی ہے۔ واضح رہے 2005 میں حکومت نے ڈاکٹر شمشاد اختر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر نامزد کیا تھا اور یہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی خاتون کو ملک کے مرکزی بینک کا گورنر مقرر کیا گیا ہو۔