نیویارک(این این آئی)پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں اس حد تک نیچے چلا گیا ہے کہ پاکستانی صرف 8 ممالک میں ویزہ کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادار کے مطابق پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ رینکنگ میں پاکستان کا پاسپورٹ 92ویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ صرف عراق اور افغانستان وہ 2 ملک ہیں جو فہرست میں پاکستان سے نیچے ہیں۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے دنیا کے سب سے طاقت ور ترین پاسپورٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
پاسپورٹ انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق وہ ممالک جہاں پاکستانی شہری ویزہ کے بغیر سفر کرسکتے ہیں، ان میں ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، قطر، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈینز، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو اور وانواٹو شامل ہیں۔علاوہ ازیں پاکستانیوں کو 27 ملکوں میں آمد پر ویزہ کی سہولت بھی حاصل ہے، ان ممالک میں آذربائیجان، کمبوڈیا، کیپ وردے، کوموروس، جبوتی، ایتھوپیا، گبون، گنی بساؤ، کینیا، لیسوٹھو، مڈغاسکر، ملائیشیا، مالدیپ، موریطانیہ، موزمبیق، میانمار، پالاؤ، روانڈہ، سمووا، سیچیلس شامل ہیں۔