لکی مروت (این این آئی)مقامی پولیس نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کے نتیجے میں ہزاروں نو خیز پودے جل گئے۔پولیس نے ابتدائی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افراد نے جنگل کے نگراں سے مبینہ دشمنی میں آگ لگائی۔انہوں نے کہاکہ معاملے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے 2015 میں ضلع لکی میں دریائے کرم کے قریب بلین ٹری سونامی کے نام سے درخت لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا تھا ٗ منصوبے کے تحت علاقے
میں 1 لاکھ 30 ہزار نو خیز پودے لگائے گئے تھے۔اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) گل محمد نے بتایا کہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف نرسری کو تباہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جنگل کے نگراں کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ درخواست میں نگراں کا کہنا تھا کہ ان کے مخالف قبیلے کے 3 سے 4 افراد اس واقعے میں ملوث ہیں۔آگ لگانے کے واقعے میں فی الحال کوئی گرفتاری سامنے نہیں آئی ہے تاہم پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پولیس اس واقعے پر تحقیقات کر رہی ہے۔