اسلام آباد (این این آئی)دولت مشترکہ مبصر گروپ پاکستان میں انتخابات سے متعلق عبوری بیان (کل)جمعہ کو جاری کریگا ٗ مکمل رپورٹ اگلے مرحلے میں جاری کی جائیگی۔گروپ کے چیئر مین اور نائیجیریا کے سابق صدر جنرل(ر)عبدالسلامی اے ابو بکر کی جانب سے بیان کے مطابق گروپ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات سے متعلق جامع رپورٹ اگلے مرحلے میں جاری کریگا۔ابو بکر کا کہنا ہے کہ ہماری تمنا ہے کہ یہ انتخابات پاکستانی عوام کیلئے ،معتبر،شفاف،انکلوژیو،پر امن اورجمہوری انتخابات ثابت ہوں
اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ یہ عظیم قوم وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پرمقاصد حاصل کریگی جس کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔دولت مشترکہ مبصر گروپ نے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان،نگراں وزیر خارجہ،مختلف سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی تنظیموں،میڈیا اور فوجی حکام سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ دولت مشترکہ مبصر گروپ کے چیئر مین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ووٹ کیلئے 59.22ملین پاکستانی مرد اور46.73خواتین کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔