اسلام آباد(آن لائن)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازک مرحلے پر بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے کسی کو فارم45سے متعلق شکایت ہے تو پولنگ سٹیشن کا نمبر اور حلقہ بتائے ہم کارروائی کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر یعقوب نے کہا کہ ایم کیو ایم کے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں مریم اورنگزیب نے جو الزامات لگائے ان پر خود تحقیقات کیں ۔
راولپنڈی اور لاہور کے ڈی آر او سے بات کی ہے ہمارے پاس فارم45کی کمی نہیں ہے۔ اگر کوئی امیدوار سمجھتا ہے کہ کہیں کوئی بے قاعدگی ہے اور فارم45نہیں دیا جا رہا تو وہ پولنگ سٹیشن اور حلقے کی نشاندہی کرے ہم شکایات کا ازالہ کریں گے اور کارروائی ہو گی۔ اس نازک مرحلے پر بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں جتنے پولنگ ایجنٹس کی اجازت ہے اتنے ہی اندر جا سکتے ہیں مسئلہ یہ ہے کہ پولنگ ایجنٹس ایک کی بجائے 2 ,2جا رہے ہیں۔ الزام لگانے والے ثبوت فراہم کریں۔