لاہور (آئی این پی ) فیصل آباد میں ن لیگ کے سابق ایم پی اے جعفر علی ہوچہ کارکنوں سے ریلی کی شکل میں لاہور آنے کیلئے تیار ہوئے تو پولیس ان کے گھر پہنچ گئی اور کارکنوں سمیت انہیں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسری جانب سابق وفاقی وزیر رانا افضل بھی گھر سے ریلی کی شکل میں لاہور آنے کیلئے نکلے تھے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں روک لیاہے ۔قبل ازیں پنجاب پولیس نے
پاکستان مسلم (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی نظربندی کے احکامات جاری کردیے، تمام افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جائے گا، ن لیگی رہنماوں کی وجہ سے شہرمیں نقص امن اور توڑ پھوڑ کااندیشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈپٹی کمشنرکومراسلہ جاری کیا ہے جس میں آئی جی پنجاب نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی نظربندی کیاحکامات دیے ہیں۔مراسلے میں خواجہ سعد رفیق،میاں مرغوب،بلال یاسین کو نظر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں خواجہ عمران نذیر،ملک سیف الملوک کھوکھر کے نظربندی کے احکامات بھی دیے گئے ہیں ۔مراسلے کی فہرست میں سلمان رفیق اور وحید عالم خان کا نام بھی شامل ہے ۔حکم کے مطابق تمام افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جائے گا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی رہنماوں کی وجہ سے شہرمیں نقص امن اور توڑ پھوڑ کااندیشہ ہے۔دوسری جانب مسلم لیگی رہنما حاجی رانا بختیارکوگھرمیں نظر بند کر دیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ پرپولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔وسری جانب لاہور کے متعدد علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی ہے ۔