اسلام آباد (این این آئی) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں یوم مئی کے دن اضافہ کر کے حکومت نے مزدوروں اور محنت کشوں کا مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ بجٹ سے پہلے مہنگائی کا پری بجٹ ہے اور ہم اس اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے
دبانے والی موجودہ حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کمزور اور ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس کولیکشن میں اضافے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جس نظام کو آگے لیکر چل رہی ہے اس میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لے۔