اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈیجی اسکل پروگرام سے ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی‘ اس پروگرام کے تحت بچیوں کو ان کے علاقوں میں ہی جدید ٹیکنالوجی اور تربیت میسر ہو گی‘ ہم انٹرنیٹ کی جدید سہولیات کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانا چاہتے ہیں ‘ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو روزگار کے بہت مواقع میسر آ رہے ہیں۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس میں میٹ دا گرلز ہوکوڈ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے و زیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیجی سکل پروگرام وقت کی ضرور ت تھا ‘ پروگرام کے انعقاد پر وزارت اور معاونین کا کردار اہم ہے ‘ پروگرام کے آغاز اور کامیابی سے تکمیل تک وزارت مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ پروگرام ملکی ترقی اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد دے گا۔ اس پروگرام سے طالبان اور لڑکیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔ حکومت کاکام ہر شہری کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ خواتین کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ کام کر کے دکھاتی ہیں۔ ڈیجی سکل پروگرام صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام سے بچیوں کو ان کے علاقوں میں ہی جدید ٹیکنالوجی اور تربیت میسر ہو گی۔ ہم انٹرنیٹ کی جدید سہولیات کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آ رہے ہیں۔ امید ہے اسلام آباد سکول اصلاحات پروگرام سے صوبے سیکھیں گے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی معاملہ ہے۔ صوبوں نے تعلیم کے میدان میں خاطر خواہ کردار ادا نہیں کیا۔ دنیا بدل گئی ہے اب گھر بیٹھ کر بھی معاشرے کا اہم حصہ بنا جا سکتا ہے۔