لاہور( این این آئی)پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کاپہلے پلے آف میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کرکٹ کو اصل قومی شناختی کارڈ موجود ہونے کے باوجود بائیو میٹرک تصدیق کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔قذافی اسٹیڈیم کے دروازے کھلتے ہی پرجوش شائقین کرکٹ نے شور کر کے آسمان سر پر اٹھا لیا۔ٹکٹ دکھانے ، جامع تلاشی اور بائیو میٹرک کے بعدسمن آباد کا رہائشی محمد جلیل سب پر بازی لے گیا اور سب سے پہلے اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔
بالی ووڈ فلم ’’ پی کے ‘‘ کے کردار میں آنے والا نوجوان توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ نوجوان نے ’’پی کے ‘‘کا کردار نبھانے والے اداکار عامر خان کا سٹائل اپنا رکھا تھا ۔گزشتہ سال کی طرح امسال بھی قذافی اسٹیڈیم پشاور زلمی کے لئے ہوم گراؤنڈ ثابت ہوا۔ اسٹیڈیم میں ٹیموں کی یونیفارم کٹ پہن کر آنے والے شائقین کے لحاظ سے پشاور مختلف ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بھی پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا پہلا پلے آف میچ دیکھنے خصوصی طور پر لاہور پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ ، ہالینڈ، متحدہ عرب امارات ،نارو ے ،آسٹریلیا سمیت دیگر کئی ممالک میں رہائش پذیر پاکستانی پی ایس ایل کا میچ دیکھنے کیلئے خصوصی طور پر پاکستان آئے جبکہ بعض کے ہمراہ انکے غیر ملکی دوست بھی پاکستان آئے ۔قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان غیر ملکیوں نے پاکستان کو پر امن ملک قراردیدیا۔ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا پہلا پلے آف میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ سیلفیاں بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے رہے جس سے سوشل میڈیا پر سیلیفوں کی بہار کا سماں رہا ۔