شارجہ(این این آئی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا لیگ مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور لاہور قلندرز کے بعد ملتان سلطانز بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں کے 10، 10 میچز مکمل ہونے کے بعد جن چار ٹیموں نے ٹاپ فور میں جگہ بنائی ان میں پہلے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز، تیسرے نمبر پر پشاور زلمی اور چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی ٹاپ فور میں جگہ بناچکی تھیں جبکہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کو ٹاپ فور میں جگہ بنانے کیلئے اپنے آخری میچز ہر حال میں جیتنے تھے۔پشاور زلمی نے اپنے آخری لیگ میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی اور کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے ٗ دوسرا نمبر کراچی کنگز کا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 11 ہے۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10، 10 پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کے اعتبار سے پشاور تیسرے اور کوئٹہ چوتھے نمبر پر ہے ٗپاکستان سپر لیگ کا پہلا پلے آف میچ 18 مارچ کو پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیموں یعنی اسلام آباد اور کراچی کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔دبئی میں ہونے والے پہلے پلے آف کے بعد پی ایس ایل کی رونقیں پاکستان منتقل ہو جائیں گی جہاں دو ایلیمنیٹر میچوں کے بعد فائنل کھیلا جائے گا۔پہلے پلے آف کی فاتح ٹیم براہ راست 25 مارچ کو کراچی میں ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک موقع اور ملے گا۔دوسرا پلے آف پشاور اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور جو ٹیم جیتے گی وہ پہلے پلے آف کی شکست خوردہ ٹیم سے مقابلہ کرے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔