انقرہ(این این آئی)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان ابراہیم کالین نے توقع ظاہر کی ہے کہ شام کے علاقے عفرین کو بہت جلد مسلح عناصر سے پاک کر دیا جائے گا۔ ترکی کے سرکاری نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی فوجی آپریشن مکمل ہونے کے بعد عفرین کا علاقہ شامی حکومت کے حوالے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ترجمان کے مطابق شام کے علاقے منبج کے حوالے سے امریکا کے ساتھ روڈ میپ وضع کر
لیا گیا ہے اور اگر واشنگٹن نے اپنے وعدے پورے کیے تو منبج کے گرد سیف زون قائم ہو جائے گا۔ایردوآن کے ترجمان نے بتایا کہ منبج کے حوالے سے امریکا اور ترکی کے معاہدے پر کاربند رہا جا ئے گا اور امریکی وزیر خارجہ کی تبدیلی سے یہ معاہدہ تبدیل نہیں ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا کے نئے وزیر خارجہ منبج کے معاملے کی اچھی طرح جان کاری نہیں رکھتے ہیں لہذا اس پر عمل درامد میں ایک سے دو ہفتوں کی تاخیر ہو جائے گی۔