تہران(این این آئی)ایران میں ولایت فقیہ کے نظام پرمشتمل حکومت کی جانب سے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنیوالے پرامن مظاہرین پرریاستی تشدد کی وسیع پیمانے پر مذمت جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے بانی انقلاب آیت اللہ خمینی کے پوتے حسن خمینی نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پرشدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومت اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پرآنے والوں کے خلاف ریاستی تشدد کرکے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں حسن خمینی کا
کہنا تھا کہ حکومت کو تشدد کا راستہ ہرصورت میں ترک کرنا ہوگا ورنہ طاقت کے استعمال کی پالیسی سے حکومت کا دھڑن تختہ ہوسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں حسن خمینی نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران معاشی استحصال کے خلاف عوام کے سڑکوں پر آنے سے ظاہر ہوتا ہے عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرکے غلط راستہ چنا ہے۔ عوامی مطالبات کو نظرانداز کرکے احتجاجیوں کے خلاف طاقت کا استعمال حکومت کا دھڑن تختہ کرسکتا ہے۔