جوہانسبرگ(آن لائن)جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل وکٹ کے خراب ہونے کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔تیسرے ٹیسٹ کے لیے تیار کی گئی وکٹ ابتدا ہی سے خطرناک دکھائی دے رہی تھی ۔بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس کر جیت پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 187 رنز ہی بنا پائی ۔
جب کہ جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں 194 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔بھارت نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو وکٹ میں توقعات سے زیادہ بانس نظر آنے لگا اور اننگز کے دوران متعدد بار گیند کھلاڑیوں کو بھی لگی تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی کھلاڑی غیرمعمولی زخمی نہیں ہوا۔جنوبی افریقا نے بھارت کی جانب سے دیے گئے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم کو بھی خراب وکٹ کی وجہ سے اچانک سے اٹھنے والی خطرناک بالز کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقا نے 8.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز بنائے تھے کہ جسپریت بھمراہ کی گڈ لینتھ پر آتی بال اچانک سے ڈین ایلگر کے ہیلمٹ پر لگی جس کے باعث امپائر کو کچھ دیر کے لیے کھیل روکنا پڑا۔بعد ازاں میچ ریفری اینڈی پیکروفٹ نے آج کے دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے ہی میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔خیال رہے کہ جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان پروٹیز کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔