اسلام آباد(سی پی پی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے دھرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا جبکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی قوت کو بڑھایا ، دھرنے سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی پیغام گیا ، اس ساری صورتحال سے سخت پریشانی کا شکار ہیں ، پیپلزپارٹی کو
پاکستان کے مثبت امیج، خود مختاری اورسالمیت کی فکر ہے۔منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دھرنے سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی پیغام گیا، پیپلزپارٹی ساری صورتحال پرپریشان ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ سے طاقت لی اورپارلیمنٹ کی قوت کو بڑھایا، پیپلزپارٹی کو پاکستان کے مثبت امیج، خود مختاری اورسالمیت کی فکر ہے اور بحران میں واضح پیغام دیا کہ ہم جمہوریت اورپارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ نوازلیگ ہمیشہ پارلیمنٹ سے دوررہتی ہے، مسلم لیگ ن جسے اپنا سمجھتی تھی وہی انکے سامنے کھڑے ہوئے، حکومت نے دھرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا، حالیہ دھرنے کے بعد پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر منفی لکھا گیا اور حکومت نے جس طرح صورتحال کو ہینڈل کیا عدالت میں بھی اس حوالے سے ریمارکس سامنے آئے۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے بل کی سینٹ سے منظوری کے معاملے پر 11 دسمبر سے پہلے کسی حل نکلنے کے لئے پرامید ہیں۔