کراچی (این این آئی) معروف مذہبی اسکالر عامر لیاقت حسین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا تاہم اس کا باضابطہ اعلان وہ آج (بدھ) پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین آج (بدھ) تحریک انصاف سندھ کے رہنما عمران اسماعیل کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے
تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق عامر لیاقت نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے موصول ہونے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے شمولیت کا عندیہ دیا ہے۔واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین گزشتہ کئی عرصے سے مختلف چینلز پر مذہبی پروگرام کرتے نظر آتے ہیں اور وہ آج کل ایک نجی ٹیلی ویژن پر ٹاک شو بھی کررہے ہیں۔یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے اپنا سیاسی کیریئر متحدہ کے پلیٹ فارم سے شروع کیا اور وہ مشرف دورِ حکومت میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امورکے امور سرانجام دے چکے ہیں۔ گزشتہ برس 22 اگست سے قبل عامر لیاقت نے متحدہ میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا تھا تاہم ملک مخالف نعروں کے اگلے روز ہونے والی پریس کانفرنس میں انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ڈاکٹر عامر لیاقت نے دو روز بعد ہی ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں سیاست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم اب وہ ایک بار پھر سیاسی میدان میں اترنے کا اعلان کرچکے ہیں۔