اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی تقریر کا جو انداز تھا وہ ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے قومی اسمبلی میں جو تقریر کی ہے اور جو ان کی گفتگو کا انداز تھا، وہ ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت دے رہا تھا۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ باتیں نواز شریف کی پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ 30 سال سے اقتدار پر قابض لوگوں کو اقتدار ہاتھ سے نکلتے ہوئے تکلیف ہو رہی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ تصادم اور گھٹیا باتوں پر اتر آئے ہیں۔ اعتزاز احسن نے ایک سوال کہ کیپٹن (ر) صفدر کی قومی اسمبلی میں تقریر کس کی طرف اشارہ تھی کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ میری جاٹ برادری میں بھی کئی احمدی ہیں اور باجوہ برادری میں بھی احمدی موجود ہیں جو کہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، کیپٹن (ر) صفدرکا اشارہ سیدھا سیدھا آرمی چیف کی طرف تھا، جس پر آئی ایس پی آر کو اس بات کی وضاحت بھی کرنا پڑی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ لوگ تو گھٹیا باتوں پر اتر آئے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر نے پارلیمنٹ کی سیڑھیاں اترتے ہوئے نعرے لگوائے کہ جو عیسائیوں کا یار ہے، غدار ہے غدار ہے، جو ہندوؤں کا جو یار ہے، غدار ہے غدار، جو احمدیوں کا یار ہے وہ غدار ہے غدار ہے۔