اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے ایک دھڑا محاذ آرائی پر ڈٹ جانا چاہتا ہے اور دوسرا محاذ آرائی کے مخالف ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ عدالتی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر پر تشدد قابل افسوس و مذمت ہے۔
ن لیگ جمہوریت کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے مگر تحریک انصاف ایسا نہیں ہونے دے گی۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تاخیری حربے استعمال کرنا چاہتی ہے اور نیب پراسیکیوٹر پر تشدد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، وزراء اور حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہے اس لیے یہ نہیں چاہتے کہ عدالتی کارروائی مزید آگے بڑھ سکے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے عدالت کے باہر ایک سیاسی کارروائی کی گئی جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار محاذ آرائی نہیں چاہتے ان کا کہنا ہے کہ یہ محاذ آرائی شریف خاندان کے مفاد میں نہیں ہے، مگر نیب پراسیکیوٹر پر تشدد کرنے کا مقصد اور کیا ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اصل میں مسلم لیگ (ن) دو دھڑوں میں بٹ چکی ہے، ایک دھڑا محاذ آرائی کے حق میں اور دوسرا مخالف، مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور رہنما بھی اس کشمکش کا شکار ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کیا کریں۔