اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں 9ویں اور 10 ویں محرم کو موبائل سروس بند رہے گی، کراچی میں 8 ویں محرم کے جلوس کی وجہ سے حساس مقامات نمائش، انچولی، کھادار، گلستان جوہر کے علاوہ بہت سے علاقوں میں موبائل سروس معطل رہی، صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق 8 محرم الحرام کے جلوس میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کراچی شہر میں موبائل فون سروس معطل کی گئی، موبائل فون سروس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب نویں
اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کے روایتی راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، کراچی کے ایم اے جناح روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، ایمپرس مارکیٹ اور اس سے ملحقہ گلیوں کو بند کر دیا گیا ہے، کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ یہ فیصلہ محرم کے جلوس میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے، جن شہروں میں موبائل سروس معطل رہے گی ان میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، فیصل آباد ، گلگت بلتستان، راولپنڈی ، اسلام آباد اور دیگر شہر شامل ہیں۔